صفائی آ پریشن میں 13 ہزار ورکرز ‘ 2480 گاڑیاں شریک
گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین‘حافظ آباد‘سیالکوٹ اور وزیرآباد میں اقدامات
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)عیدالفطر خوشیوں، طہارت اور اجتماعی ہم آہنگی کا پیغام دینے والا تہوار ہے جس میں صفائی اور خوبصورتی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت اس سال گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد،سیالکوٹ اور وزیرآباد میں صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے جنہیں شہریوں نے بے حد سراہا۔صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے عیدالفطر کے روز ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن کے جائزہ کیلئے گوجرانوالہ کی 3 تحصیلوں سٹی، صدر اور کامونکے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر کمشنر نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد، سی ای او جی ڈبلیو ایم سی محمد قاسم، اسسٹنٹ کمشنرز اقرا مبین گوندل، فیصل مجید اور ڈاکٹر زرغونہ خالد سمیت دیگر متعلقہ افسر بھی ہمراہ تھے ۔ وزیر آباد اور نوشہرہ ورکاں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز، جی ڈبلیو ایم سی کے تحصیل منیجرز نے صفائی سرگرمیوں کو از خود مانیٹر کیا، ستھرا پنجاب ورکرز میں مقامی ممبران صوبائی اسمبلی کے ہمراہ مٹھائی، عیدی اور کھانا تقسیم کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ صفائی کے اس بڑے آپریشن میں 13ہزار 185سے زائد سینٹری ورکرز اور سپروائزری سٹاف جبکہ 2480سے زائد مشینری، جن میں ڈمپرز، ٹرالیاں اور مکینیکل سوئیپر شامل ہیں بھرپور انداز میں حصہ لیا۔