عید کے تینوں دن پارکوں ، جوائے لینڈز میں رش
خواتین اور بچے پارکوں میں آسمانی جھولوں ،کشتی ،ٹرین سے لطف اندوز ہوتے رہے
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید الفطر پر پارکس ،جوائے لینڈزاور فن لینڈ شہریوں سے بھرے رہے ،سیر گاہوں اور گراؤنڈز پر بھی رش لگا رہا ،جہاں بچے بڑے سب عید کے تینوں دن خوب لطف اندوز ہوتے رہے ۔شہر کے پارکوں گلشن اقبال پارک ،جناح پارک ،لیاقت پارک ،راسخ عرفانی پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات پر شہریوں کا رات گئے تک رش لگا رہا۔خواتین اور بچے پارکوں میں لگے آسمانی جھولوں ،کشتی ،ٹرین سے لطف اندوز ہوتے رہے جبکہ پارکوں میں بنے جوائے لینڈز اور فن لینڈز میں بھی بچے عید کی خوشیوں کو دو بالا کرتے رہے۔ بچے گھڑ سواری ،اونٹ کی سواری اور کشتی رانی سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔
اس کے علاوہ بچے فٹ بال ،کر کٹ اور دیگر کھیلوں سے بھی خوب لطف اندوز ہوتے رہے ۔بچے عید کے تینوں دن خوب ہلہ گلہ اور موج مستی کرتے رہے ، اس کے علاوہ اندرون شہر میں لگے میلہ سے بھی بچے خوب لطف اندوز ہوئے بچوں نے میلے میں روایتی جھولے لئے اور کھانے بھی کھائے ۔ پارکوں میں لگے مختلف فو ڈسٹالز سے گول گپے ،فروٹ چاٹ ،دہی بھلے اور دیگر چٹ پٹے کھانوں سے بھی بچے بڑے لطف اندوز ہوتے رہے ۔ شہری گھر سے بھی کھانے پینے کی اشیا تیار کر کے لائے ہوئے تھے اور خوب پکنک مناتے رہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عید پر گھر میں مہمانوں کی بھی خوب تواضع کی گئی اور بچوں کو بھی سیرو تفریح کیلئے پارکس میں لے کر گئے تاکہ وہ اپنی عید کا مزہ دو بالا کر سکیں۔