پاکستان کو اسلامی ‘فلاحی ریاست بنا نا ہوگا :ڈاکٹر طیب

پاکستان کو اسلامی ‘فلاحی ریاست بنا نا ہوگا :ڈاکٹر طیب

23مارچ اس عہد کی یاد دلاتا جو بزرگوں نے اللہ کے دین کے نفاذ کیلئے کیا تھا

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر طیب حیات نے یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان صرف تاریخی دن نہیں بلکہ ہمارے قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کی تجدید کا دن ہے ، قرارداد پاکستان نظریے کی بنیاد پر علیحدہ وطن کے حصول کیلئے ہمارے آباؤاجداد اور عظیم رہنماؤں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے کہ ہم نے ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دینا اور قومی اتحاد سے پاکستان کو دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر طیب حیات،سی ای او جی ڈبلیو ایم سی محمد قاسم ،ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ منورحسین ودیگر نے پرچم کشائی کی، ریسکیو 1122، پیرا فورس، سول ڈیفنس کے افسر وں نے شرکت کی ، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں، تقریب کے اختتام پر پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر طیب حیات نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے اللہ کے دین کے نفاذ کیلئے کیا تھا۔ قراردادِ پاکستان محض ایک سیاسی اعلان نہیں بلکہ ایک نظریاتی جدوجہد کا آغاز تھی، ایک ایسے خطے کیلئے جہاں مسلمان قرآن و سنت کے مطابق آزاد زندگی گزار سکیں ،ہمیں چاہیے کہ ہم اس دن کی اصل روح کو پہچانیں اور پاکستان کو واقعی ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں یہی ہمارے شہدا کا خواب اور ہماری منزل ہے ، پاکستان درست سمت پر گامزن ہے ، جلد قومی یکجہتی سے پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں