ملک کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا : ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

ملک کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا : ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت :ڈی پی او

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )یوم پاکستان کے حوالے سے ضلع کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سیالکوٹ میں سادگی کے ساتھ مگر پر وقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر، ضلعی افسران، علماء ، تاجر برادری، طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے ۔تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122 اور شہری دفاع کے دستوں نے سلامی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ یومِ پاکستان تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا جائے کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے ، لہٰذا ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہئے ۔ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کا درس دیتا ہے ، جن اصولوں پر عمل کر کے ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں