14اپریل کو بیسا کھی کا تہوار منایا جا ئیگا : رمیش اروڑہ

14اپریل کو بیسا کھی کا تہوار منایا جا ئیگا : رمیش اروڑہ

پاکستان ہمیشہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا داعی رہا:صوبائی وزیر

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گوردوارہ بابے دی بیری سیالکوٹ میں بابا گرو نانک جی کی آمد کی یاد میں سالانہ تین روزہ مذہبی رسومات کی اختتامی تقریب عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئیں۔ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سردار جسکرن سنگھ نے خصوصی شرکت کی جبکہ سکھ برادری کے مقامی و غیر ملکی یاتریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا داعی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں اور ان کے مذہبی و سماجی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت نے مختلف مقدس مقامات کو قبضہ گروپوں سے واگزار کروا کر انہیں اصل حیثیت میں بحال کرنیکا عمل شروع کیا ہے جس پر اقلیتی برادری حکومت کی شکر گزار ہے ۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ گوردوارہ باؤلی صاحب سیالکوٹ اور گوردوارہ فتح بھنڈر ڈسکہ کی بحالی اور تزئین و آرائش کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ ان مقدس مقامات کو مزید بہتر سہولیات کے ساتھ یاتریوں کے لئے کھولا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار مکمل آزادی کے ساتھ مناتی ہیں اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 5اپریل کو ایسٹر جبکہ 14اپریل کو بیساکھی کا تہوار بھی پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا۔سردار جسکرن سنگھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک جی 1517 میں اس مقام پر تشریف لائے تھے جس کی یاد میں ہر سال 21، 22اور 23مارچ کو یہ تہوار منایا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں