سیالکوٹ :ستھرا پنجاب پروگرام ناکام، گلیوں میں کوڑا جمع
خادم علی روڈ ،شہاب پورہ روڈ ،مبارک پورہ، گلشن ٹاؤن ،پیرس روڈپر صورتحال ابتر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ کا سیالکوٹ میں ‘‘صاف ستھرا پنجاب’’ بری طرح ناکام ہو گیا۔محلوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظر آنے لگے ،نالیوں کا پانی گلیوں میں کھڑاہو نے کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو نے لگا۔ حکومت پنجاب نے سیالکوٹ کے متعدد علاقوں میں صاف ستھراپنجاب پروگرام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اربوں روپے کا ٹھیکہ دیا مگر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کی طرف سے ا ن علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔گلیوں بازاروں اور محلوں میں صفائی نام کی کوئی چیزدکھائی نہیں دے رہی۔
خادم علی روڈ ،شہاب پورہ روڈ، بجلی محلہ، مبارک پورہ، گلشن ٹاؤن ،پیرس روڈ، کمشنر روڈ، سرکلر روڈ، رنگ پورہ، حاجی پورہ ،امام صاحب، نیکاپورہ، کچا شہاب پورہ، مظفر پور، پکا گڑھا، میانہ پورہ، واٹر ورکس، پریم نگر، محمد پورہ، پورن نگر، نشاط پارک، فتح گڑھ سمیت دیگر علاقوں میں کوڑاکرکٹ کے ڈھیر نظرآرہے ہیں اور گلیوں میں سیوریج کا پانی جمع رہنے لگا۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیاہے کہ نجی کمپنی کا قبلہ درست کر تے ہوئے ذمہ دار وں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔