نالوں کی صفائی ‘ اطراف میں تجاوزات خاتے کا حکم
کسی جگہ صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہو گا :ڈپٹی کمشنر
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دُنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام سیم نالوں کی صفائی اور انکے اطراف تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر ایا جائے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، اے سی حافظ آباد نرجس خاتون جعفری ، ایم ڈی واسا بلا ل فیروز ،محکمہ ایری گیشن و ڈرینج،ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام دستیاب ہیوی مشینری کے ساتھ شہری اور دیہی علاقوں میں سیم نالوں کی صفائی کرائی جائے تاکہ کسی بھی جگہ بارشی پانی کے جمع یا نکاسی آب کو کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام ضلعی محکموں کو اپنی تیاریاں مکمل کرنی چا ہئیں اور بالخصوص شہری و دیہی علاقوں میں تمام چھوٹے ،بڑے سیم نالوں کی صفائی اور اگر کسی جگہ ان پر کوئی تجاوزات قائم ہو تو اسے فوری طور پر ختم کر ایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وہ سیم نالوں کا دورہ کر کے وہاں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لینگے اور اگر کسی جگہ صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہو گا۔