کڈنی سنٹر گجرات میں صحت سہولت کارڈ کا اجرا کر دیا گیا

 کڈنی سنٹر گجرات میں صحت سہولت کارڈ کا اجرا کر دیا گیا

تمام سہولیات مفت ، 71مشینو ں کے ذریعے روزانہ 120 مریضوں کے ڈائیلسز

گجرات(نامہ نگار، سٹی رپورٹر )اوورسیز پاکستانی شہزاد نبیل جوڑا (انگلینڈ)نے اپنے صاحبزادے ڈاکٹر نبیل جوڑا کے ہمراہ کڈنی سنٹر گجرات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صدر کڈنی سنٹر میاں محمد اعجاز، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر طاہر عباس گوندل اور فنانس سیکرٹری چودھری محمد اصغر نے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔مہمانوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی۔ صدر کڈنی سنٹر میاں اعجاز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ 2016 میں قائم ہوا، ابتدائی طور پر 16 ڈائلسز مشینوں سے آغاز کیا گیا جبکہ اب 71 مشینوں کے ذریعے روزانہ تقریباً 120 مریضوں کو مفت ڈائلسز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، جس پر ماہانہ ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ آتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کڈنی سنٹر میں تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ صحت سہولت کارڈ کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے اور جلد تیسری شفٹ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔فنانس سیکرٹری محمد اصغر نے کڈنی سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی۔ شہزاد نبیل جوڑا نے کڈنی سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ ادارے کے لیے ماہانہ و سالانہ بنیادوں پر ڈونیشن جاری رکھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں