بارشوں نے علی پور چٹھہ کے سیوریج سسٹم کی قلعی کھول دی
نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث بیشتر علاقے تالاب کا منظر پیش کر رہے مسائل کے حل میں تاخیر کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا:شہری
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )حالیہ بارشوں نے علی پورچٹھہ کے سیوریج سسٹم کی قلعی کھول دی ، مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق منچر روڈ، حافظ آباد روڈ، رسولنگر روڈ، محلہ اسلام آباد سمیت شہر کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب کر کیچڑ سے بھری پڑی ہیں۔ مرکزی قبرستان، پولیس سٹیشن، وزیرآباد جانے والی مین سڑک، غلہ منڈی اور ریلوے سٹیشن کے اطراف بھی بدترین صورتحال اختیار کر چکی ہے جہاں پانی کھڑا ہونے سے آمدورفت شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث شہر کے بیشتر علاقے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ موٹر سائیکل سوار گہرے پانی میں گزرنے کے دوران پھسل کر گر رہے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق سیوریج سسٹم مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے گٹر ابل رہے ہیں اور گندگی و تعفن نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے صرف دعوئو ں اور بیانات تک محدود ہیں جبکہ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آ رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران کیے گئے وعدے اور شہر کو مثالی بنانے کے دعوے محض زبانی جمع خرچ ثابت ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ مسائل کے حل میں تاخیر کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور اپنی آواز اعلیٰ حکام تک بھرپور انداز میں پہنچائی جائے گی۔