پاکستان امن پسند ، دنیا کوتباہی سے بچانا چاہتے ہیں :لیگی رہنما
کشیدہ حالات میں سفارتی کوششیں مثبت پیش رفت ہیں:اقبال گجر ، شازیہ فرید ودیگر
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صوبائی وزیر چودھری اقبال گجر، سابق ایم پی اے پیر غلام فرید، ایم این اے شازیہ فرید، سابق ایم پی اے عبدالرؤف مغل، سٹی نائب صدر جمشید ایوب بٹ، ٹکٹ ہولڈر و سٹی نائب صدرمعظم رؤف مغل اور امیدوار پی پی 65پیر عامر فریدنے پاکستان کی سرزمین پر ہونے والے امن مذاکرات اور خطے میں ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا امن پسند چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے اور ہماری طرف سے ثالثی کی سنجیدہ کوششوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ ایک امن پسند ملک ہے اوردنیا کو تباہی سے بچانا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کا وقار بلند کیا ہے جو ملک کی مؤثر سفارت کاری اور مثبت کردار کا واضح ثبوت ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن اور استحکام کا داعی رہا ہے اور موجودہ کشیدہ حالات میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی سفارتی کوششیں ایک مثبت پیش رفت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تمام فریقین سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کی طرف اہم قدم ثابت ہو سکتے ہیں۔