ٹوٹی سڑکیںناقص سیوریج: ماڈل غلہ منڈی تک رسائی محال

ٹوٹی سڑکیںناقص سیوریج: ماڈل غلہ منڈی تک رسائی محال

حافظ آ باد کا سب سے بڑ ا تجارتی مرکز صفائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ، بیت الخلا میں پانی نہ دروازے ،انجمن آڑھتیاں کا اصلاح کا مطالبہ

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ضلع حافظ آباد کا سب سے بڑا تجارتی مرکز، ماڈل غلہ منڈی مدہریانوالہ روڈ بنیادی سہولیات سے محروم ، سیوریج کا ناقص نظام اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں تاجروں اور کاشتکاروں کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کی غفلت بدستور برقرار ہے ۔ذرائع کے مطابق ہر سیزن میں تاجروں سے ہزاروں اور لاکھوں روپے کی مارکیٹ فیس وصول کی جاتی ہے مگر اس کے باوجود غلہ منڈی میں صفائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ غلہ منڈی میں موجود بیت الخلا خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ پانی اور دروازوں تک کی سہولت موجود نہیں۔انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کی جانب سے متعدد بار متعلقہ حکام کو درخواستیں دی جا چکی ہیں مگر تاحال کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔ واضح رہے کہ جدید ماڈل غلہ منڈی کو تعمیر ہوئے تقریباً 11 سال گزر چکے ہیں لیکن اس دوران اس کی سڑکیں مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں اور سیوریج لائنیں بھی جگہ جگہ سے تباہ حال ہیں۔ انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے جنرل سیکرٹری عبدالحمید رحمانی نے کہا ہے کہ غلہ منڈی میں کام کرنے والے تاجر سالانہ لاکھوں روپے ٹیکس اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ فیس ادا کرتے ہیں ،گندم کا سیزن شروع ہو چکا ،فوری طور پر ماڈل غلہ منڈی کی حالت زار کا نوٹس لیا جائے اور سیوریج، سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں