ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس، 35کیسز کی سماعت
11 کیسز عدالتی کارروائی کیلئے ڈرگ کورٹ بھجوانے ، 4 آئندہ اجلاس تک موخر
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 161 واں اجلاس، 35 کیسز کی سماعت، سنگین خلاف ورزیوں پر 11 کیسز عدالتی کارروائی کیلئے ڈرگ کورٹ کو بھجوانے ، 20 کے قانونی تقاضے پورے ہونے پر آئندہ محتاط رویہ اپنانے کی یقین دہانی پر تنبیہہ جاری، 4 کیسز کو آئندہ اجلاس تک موخر کرنے کی منظوری کی گئی۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کی۔سیکریٹری ڈی کیو سی بی میڈیم سونیا، تمام ٹائونز کے ڈرگ انسپکٹرز و دیگر متعلقہ افسر شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب میں کہاڈرگ انسپکٹرز ادویات کا کاروبار کرنیوالوں سے محکمہ صحت کے قوانین اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروائیں اور یقینی بنائیں کہ ضلع میں کوئی بھی فار میسی / میڈیکل سٹور بغیر کوالیفائیڈ اسٹاف کے کام نہ کرے ۔ ڈرگ انسپکٹرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسر ہیلتھ اوراسسٹنٹ کمشنرز ضلع بھر میں اتائیوں، غیر رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کریں بھرپور کارروائی کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ادویات کے کاروبار کے نام پر ضلعی انتظامیہ شہریوں کی جانوں سے نہیں کھیلنے دیگی۔