گوجرہ :نو سر بازی کی 2وار داتیں ، لاکھوں روپے ہتھیا لئے
جانوروں کے بیو پاری باپ بیٹا لٹ گئے ،ایک شخص کے اے ٹی ایم سے رقم نکال لی
گوجرہ (نامہ نگار )گوجرہ میں نوسربازوں نے دو وارداتوں میں شہریوں سے 5لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیا لی ۔ ساجد علی ساکن بوسال سکھا اپنے والد کے ساتھ کٹھیالہ شیخاں کی مویشی منڈی میں دو جانور 4لاکھ 65 ہزار روپے میں فروخت کر کے واپس گھر آ رہا تھا ،گوجرہ پلی کے قریب 4نامعلوم افراد نے روکا اور کہا کہ ہمارے پیسے گم ہو گئے ہیں ،ہم نے تمہاری تلاشی لینی ہے ۔ ملزموں نے دونوں باپ بیٹے سے کہا کہ آپ کے پاس جو کچھ ہے وہ ایک چادر میں لپیٹ کر رکھ دو تاکہ ہم تلاشی لیں۔ ساجد کے مطابق اس نے ساری رقم اور موبائل فون چادر میں لپیٹ کر والد کو دیا اور ملزموں کے کہنے پر 50قدم پیچھے چلا گیا۔ پھر ملزموں نے ساجد علی کے والد سے رقم والی چادر لے کر اسے بھی دور بھیج دیا ، انار خان بھی پیچھے چلا گیا تو چاروں ملزم رقم لے کر فرار ہوگئے ۔ دوسری واردات محمد اقبال سکنہ چک نمبر 33 کیساتھ ہوئی ،وہ گوجرہ کے نجی بینک کی اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کیلئے گیا تو 3 نامعلوم افراد اندر آگئے ۔ ملزموں نے اقبال سے کہا کہ کوڈ بتاؤ ہم رقم نکال دیتے ہیں ،پھر اقبال سے کہا کہ تمہارا کارڈ مشین میں پھنس گیا ، بینک کے گارڈ کو بلا لاؤ، متاثرہ شخص گارڈ کو بلانے گیا تو ملزم فرار ہو گئے ۔