ٹیکس کا بوجھ بڑھتا رہا تو کاروبار بند ہو جائینگے :احمد حسن
گجرات چیمبر کے عہدیداروں ،ممبران کی چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سے میٹنگ
گجرات (نامہ نگار )گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں احمد حسن صدر گجرات چیمبر کی زیر صدارت حسن ذوا لفقار چیف کمشنران لینڈ ریونیو سیالکوٹ کے ساتھ میٹنگ کی گئی۔ عمران شمسی اے ڈی سی سیالکوٹ، اجمل خان کمشنر ان لینڈ ریونیو ، حاجی ناصر محمود ، اشفا ق احمد رضی ، مرزا عدنان نائب صدر و دیگر نے شرکت کی۔ صدر چیمبر نے ٹیکس کے حوالے سے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بزنس مین50فیصد تک نفع ٹیکس میں دیتے ہیں لیکن آپ ہم پر بوجھ بڑھاتے جائیں گے تو کاروبار بند ہو جائیں گے ۔ ایف بی آر بزنس کمیونٹی کی گاڑیاں پکڑ رہا ہے ،ایسا کس قانون کے تحت کیا جارہا ہے ، و د ہولڈنگ ٹیکس کو ختم ہونا چا ہیے ،انڈسٹری کو سیلز ٹیکس ریفنڈ کے ایشوز آ رہے ہیں ان کو کافی سالوں کا سیلز ٹیکس ریفنڈ نہیں ملا،ہم اتنے ہائی ٹیکس دے رہے ہیں لیکن کوئی سہولت نہیں مل رہی، ہمیں پاکستان سے پیار ہے ہمیں سپورٹ کریں۔ ہراسمنٹ کو ختم کیا جائے اور مل بیٹھ کر کوئی پالیسی بنائیں ، امید ہے بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیح پر حل کئے جائیں گے ۔