ڈی ایچ کیو ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین 15روز سے خراب
ایم ایس سول ، ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال کو معاملات بہتر کرنے کیلئے 24 گھنٹے کی مہلت
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں سہولیات کا فقدان ،سی ٹی سکین مشین 15 روز سے خراب،ڈائریکٹر مانیٹرنگ سپیشلائزڈ ہیلتھ پنجاب کا سول ہسپتال اورچلڈرن ہسپتال پر چھاپہ،ادویات اور لیب ٹیسٹ کا نظام بھی خراب ہونے پر عملہ کی سرزنش کی گئی،24 گھنٹے میں حکومتی ہدایت پر عملدرآمد نہ ہو نے کی صورت میں ایم ایس سول ہسپتال اور ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال کیخلاف کارروائی کی وارننگ دیدی۔ گزشتہ روزڈائریکٹر مانیٹرنگ سپیشلائزڈ ہیلتھ میاں عتیق الرحمن نے سول ہسپتال اورچلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ،اس دورا ن سول ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین کی خرابی اور ادویات کی عدم دستیابی پرانہوں نے برہمی کا اظہارکیا ۔ میاں عتیق نے کہا کہ آپریشن میں کئی ماہ اور ٹیسٹوں میں 4 دن کا وقت دیناغلط ہے جس سے مریض خوار ہو رہے ہیں ۔چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران بے بی وارڈ میں چار چار مریض لٹا نے اور ادویات کی کمی پر ڈائریکٹر ما نیٹرنگ ہیلتھ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہو ئے ڈ ائریکٹر چلڈرن ہسپتال کو معاملات بہتر بنانے کی ہدایات جا ری کرتے ہو ئے انہوں نے ایم ایس سول اور ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال کو انتظامات درست کرنے کیلئے 24 گھنٹے کی مہلت دیتے ہو ئے کہا کہ سوموار تک سٹی سکین مشین،ادویات اور دیگر معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو دونوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔