سیالکوٹ 3:سال قبل وفات پانیوالے نوجوان کی قبر کشائی

سیالکوٹ 3:سال قبل وفات پانیوالے نوجوان کی قبر کشائی

سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی ، نمونے فرانزک تجزیے کیلئے لیبارٹری ارسال

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )کوٹلی لوہاراں مشرقی میں 3سال قبل وفات پانے والے نوجوان یاسر کی قبر کشائی سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل میں لائی گئی۔ مرحوم کے ورثا کو شبہ تھا کہ یاسر کی موت طبعی نہیں بلکہ مشکوک واقعہ ہے جس میں قتل کے پہلو بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ورثا نے انصاف کیلئے مختلف عدالتوں سے رجوع کیا مگر طویل عرصہ تک شنوائی نہ ہو سکی ،آخرکار معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا جہاں چیف جسٹس نے شواہد کی بنیاد پر قبر کشائی کا حکم جاری کیا تاکہ حقیقت کا تعین کیا جا سکے ۔قبر کشائی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ حکام کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔ اس دوران علاقے کے لوگ بھی موقع پر موجود رہے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔ابتدائی معلومات کے مطابق میت کے نمونے فرانزک تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا د ئیے گئے ہیں جبکہ حتمی رپورٹ آنے کے بعد موت کی وجوہات سامنے آ سکیں گی۔ ورثا کو امید ہے کہ انہیں انصاف ملے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں