گندم کی قیمت کم ملنے پر کسان آئندہ فصلوں کیلئے پریشان
پنجاب اور وفاقی حکومت کو دھان سمیت دیگر فصلوں کیلئے سبسڈی دینا ہوگی :کاشتکار
تتلے عالی(نامہ نگار )گندم کی کٹائی آخری مرحلہ میں داخل ہو گئی ، قیمت کم ملنے پر خریف سیزن کی فصل کاشت کر نے کیلئے کسان پریشان ہیں ۔ تتلے عالی سمیت ضلع بھر میں 5لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کی کاشت کی گئی تھی اس میں سے 4لاکھ35ہزار ایکڑ پر گندم کی کٹائی مکمل ہو گئی ، باقی پر کٹائی بھی آئندہ چند روز تک مکمل کر لی جائیگی۔تتلے عالی سمیت پنجاب بھر آڑھتیوں وذخیرہ اندوزوں نے سستے داموں خریداری کرکے گندم سے گودام بھر لئے ہیں،گندم کی کم قیمت ملنے پر چھوٹا کسان دھان سمیت خریف سیزن کی فصلوں کی کاشت کیلئے پریشان ہے جس کیلئے پنجاب اور وفاقی حکومت کو کسان کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔اس سلسلے میں کاشتکار عبدالغفور گجر،شبیر انصاری،چودھری محمد خان گادی ودیگر نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے چھوٹے کسان کو نئی فصلوں کی کاشت کیلئے کھاد،بیج اور زرعی ادویات پر سبسڈی دی جائے ۔