کمشنر گوجرانوالہ کا دورہ گجرات ‘ پی ڈی پی منصوبوں کا جائزہ لیا
ڈپٹی کمشنر نے ضلعی پروفائل، ترقیاتی منصوبوں اور محکمانہ امور پر بریفنگ دی
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ضلع گجرات کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر نورالعین نے ضلعی پروفائل، ترقیاتی منصوبوں اور محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقاص صفدر سکندری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسرز ، ضلعی افسر ، ایم ڈی ستھرا پنجاب، ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ افسر شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹیڈیم ڈسپوزل سٹیشن پر 100 کیوسک استعداد کے منصوبے ، ایچ ڈی پی ای پائپس کی تنصیب، سیوریج ڈیسلٹنگ اور ونچنگ کے کام زون اے اور زون بی میں جاری ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ مدینہ سیداں ڈسپوزل سٹیشن اور ایچ ڈی پی ای پائپس بچھانے کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔اجلاس میں لالہ موسیٰ اور جلالپور جٹاں میں جاری پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور لوکل گورنمنٹ سکیموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر گوجرانوالہ نے ڈنگہ میں جاری وزیراعلیٰ پنجاب بیوٹیفکیشن سکیموں کا جائزہ لیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں جبکہ واسا منصوبوں کو مقررہ اہداف کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے ۔