سمبڑیال روڈ پر تجاوزات کی بھرمار‘ دکانداروں کا نالے پر قبضہ

سمبڑیال روڈ پر تجاوزات کی بھرمار‘ دکانداروں کا نالے پر قبضہ

رہی سہی کسر گرلز اسلامیہ ہائی سکول ڈسکہ کے ارد گرد لگی ریڑھیوں نے نکال دی

موترہ(نامہ نگار )اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس سے چند گز کے فاصلہ پرواقع سمبڑیال روڈ پر تجاوزات کی بھرمار ،د کانداروں نے برساتی نالہ پربھی سامان رکھ کر قبضہ جمالیا رہی سہی کسر ریڑھی بانوں نے نکال دی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس سے چند گز کے فاصلہ پر واقع سمبڑیال روڈ ڈسکہ پر تجاوزات کی بھرمار ہے سمبڑیال روڈ ڈسکہ پر تعمیراتی کام جاری ہیں جس کی وجہ سے سمبڑیال روڈ ڈسکہ سے گزرنے والے طلباء و طالبات اور راہ گیر چند مہینے قبل تعمیر ہونیوالے برساتی نالہ سے گزر کر جاتے تھے مگر اب د کانداروں نے اس برساتی نالہ پربھی اپنا سامان رکھ کر قبضہ جمالیا ہے طلبا و طالبات اورراہ گیر سمبڑیال روڈ ڈسکہ پر جاری ترقیاتی کام کی وجہ سے پڑ ی ہوئی ریت اور کیچڑ سے گزرنے پرمجبور ہیں سمبڑیال روڈ ڈسکہ پر ٹریفک میں متعدد بار ایمبولینس بھی پھنس جاتی ہیں۔

اگر کسی د کاندار کو برساتی نالہ سے سامان سائیڈ پر کرنے کاکہاجائے تو وہ بحث کرتے ہوئے لڑائی جھگڑا شروع کردیتے ہیں اور رہی سہی کسر گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی سکول ڈسکہ کے ارد گرد لگی ریڑھیوں نے نکال دی ہے وہ بھی سڑک پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ سمبڑیال روڈ ڈسکہ کے مکینوں نے بتایاکہ اس بارے پیرا فورس ڈسکہ کی انچارج کوبھی آگاہ کرچکے ہیں مگر شنوائی نہیں ہورہی ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ’کمشنرگوجرانوالہ ’ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں