محرم کے دوران امن وامان کو یقینی بنایا جائیگا :ڈپٹی کمشنر

 محرم کے دوران امن وامان کو یقینی بنایا جائیگا :ڈپٹی کمشنر

عوام مذہبی رواداری، صبر و تحمل اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں:ڈی پی او گجرات

گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر )گجرات میں اتحاد بین المسلمین اجلاس کا انعقاد، محرم الحرام میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کا اعادہ، چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مفتی انتخاب عالم نوری کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسروں ، محکمہ اوقاف کے نمائندگان، امن کمیٹیوں کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی احترام اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما ، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مذہبی رواداری، صبر و تحمل اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں تاکہ امن و استحکام کی فضا برقرار رہے ۔علما کرام نے خطابات میں کہا کہ اسلام امن، محبت، اخوت اور برداشت کا درس دیتا ہے اور موجودہ حالات میں اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کیلئے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن، استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں