سوہنا پنجاب پروگرام ،ماڈل بازاروں کی اپ گریڈیشن کا جائزہ
تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے :ڈپٹی کمشنر نوید احمد
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سوہنا پنجاب پروگرا م کے تحت خوبصورت گوجرانوالہ مہم، ماڈل بازاروں اور مارکیٹس کی اپ گریڈیشن کا جائزہ\"وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن \"سوہنا پنجاب، خوبصورت گوجرانوالہ\" کے تحت شہر اور ضلع بھر کے بازاروں اور مارکیٹس کی خوبصورتی، اپ گریڈیشن اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں گوجرانوالہ اور وزیرآباد کے ماڈل بازاروں سمیت ماڈل مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سمیرا امبرین سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فوزیہ چیمہ اور متعلقہ محکموں کے افسر وں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے گوجرانوالہ کے اندرون شہر بازاروں، سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ، ایمن آباد، کامونکی، نوشہرہ ورکاں اور وزیرآباد کے ماڈل بازاروں میں جاری تعمیراتی، تزئین و آرائش اور سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور مارکیٹس کی خوبصورتی، صفائی، روشنی کے بہتر انتظامات، پیدل چلنے والوں کے لیے سہولیات اور شہریوں کو بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ۔