امام حسینؓ و شہدا کربلا کی قربانی امت کیلئے مشعلِ راہ :کمشنر
محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھناسب کی مشترکہ ذمہ داری
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)محرم الحرام کے مقدس مہینے کے سلسلہ میں منعقدہ امن و اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان، چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا ڈاکٹر انتخاب احمد نوری، علما کرام اور ڈویژن کے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، قربانی اور حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ۔مقررین نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی امت مسلمہ کیلئے مشعلِ راہ ہے ،محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ یکجہتی کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن خالد ارشد مرزا ،اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو ،جنرل )اسسٹنٹ کمشنرز ریونیو محمد فرقان ،اے سی جی محمد عامر ،ممبران ضلعی امن کمیٹی مولانا خالد حسن مجددی ،مفتی محمد ابوبکر ،علامہ کاظم ترابی ،علامہ حافظ جواد قاسمی ،پروفیسر سعید احمد کلیروی ،حافظ عمران عریف کے علاؤہ ممبران وفد علما مفتی محمد عمران حنفی ،پیر سید عثمان نوری کے ہمراہ دیگر علما کرام ،اضلاع کے ممبران امن کمیٹی ،زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف رانا محمد افضل ،زونل خطیب اوقاف مولانا محمد بشیر فاروقی ،ضلعی خطیب مفتی محمد اکرم ،خطیب حافظ شاہد فاروق سمیت پولیس افسران و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر وں نے کانفرنس میں شرکت کی ۔مقررین نے زور دیا کہ علما کرام، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام باہمی تعاون کے ذریعے محرم الحرام کے اجتماعات اور جلوسوں کو پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔