مہنگائی کا طوفان ، شہر یوں کی مشکلات میں اضافہ

 مہنگائی  کا طوفان ، شہر یوں کی مشکلات میں اضافہ

روزمرہ استعمال کی اشیا ،بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ،شہریوں کا نا جائزہ منافع خوروں کیخلاف ایکشن کا مطالبہ

جامکے چٹھہ(نامہ نگار )عیدالاضحی گزر گئی لیکن مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا، سفید پوش طبقہ شدید متاثر ہورہا ۔تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی گزرنے کے باوجود مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، روزمرہ استعمال کی اشیا اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام بالخصوص سفید پوش طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے جبکہ بہت سے خاندان ایک وقت کا کھانا پورا کرنے کیلئے بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق تنخواہوں اور آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنا ناممکن بنتا جا رہا ہے۔

متوسط اور سفید پوش طبقہ جو کبھی عزتِ نفس کی خاطر کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتا تھا، آج معاشی دباؤ کے باعث شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے ۔ گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کی جائیں تاکہ سفید پوش اور غریب طبقہ سکھ کا سانس لے سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں