احمد نگر :مون سون سے قبل سیم نالہ کی صفائی نہ ہو سکی
شہریوں نے ڈی سی گوجرانوالہ سے فوری سیم نالے کی صفائی کا مطالبہ کر دیا
احمد نگر چٹھہ(نمائندہ دنیا )مون سون بارشوں سے قبل سیم نالہ کی صفائی نہ ہو سکی ،عرصہ دراز سے بند سیم نالے سے برسات کے موسم میں پانی شہر کے اندر داخل ہونے کا خدشہ ہے ، شہریوں نے ڈی سی گوجرانوالہ سے فوری سیم نالے کی صفائی کا مطالبہ کر دیا ۔ احمد نگر چٹھہ کے دونوں اطراف سے گزرنے والے سیم نالے میں کوڑا کرکٹ سمیت گوبر اور سیم بوٹی نے ڈھیرے ڈال رکھے ہیں، پچھلے دو سال سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال برسات کے موسم میں نکاسی آب بند ہونے کے ساتھ سیم کا پانی گھروں میں داخل ہونا شروع ہو جاتا ہے ، بدبو تعفن کے ساتھ زہریلے کیڑے مکوڑوں میں زبردست اضافہ ہو جاتا ہے جو انسانی جانوں کو انتہائی خطرات لاحق ہو جاتا ہے شہریوں کے مطابق برسات کے موسم کے پیش نظر تمام تر انتظامات صرف شہری آبادی کو بچانے کیلئے کئے جاتے ہیں جبکہ دیہی علاقوں کے مکینوں کو سہولیات کے بجائے طفل تسلیاں دی جا رہی ہیں۔ عرصہ دراز سے بند سیم نالہ برسات کے موسم میں کئی ہزار کیوسک پانی کو لے جانے میں مدد کرتا ہے جسکی وجہ سے شہری آبادی محفوظ رہتی ہے ۔ شہریوں نے ڈی سی گوجرانوالہ اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآبادجواد حسین پیرزادہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے ۔