ڈسکہ :قصابوں نے نالوں پر گوشت کی دکانیں سجا لیں
شہری غیر معیاری گوشت کے استعمال سے موذی امراض کاشکار ہونے لگے
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )ڈسکہ اور گردنواح میں قصابوں نے نالوں پرگوشت کی دکانیں سجا لیں، متعلقہ اداروں کی ملی بھگت کے باعث علاقہ مکین ناقص وغیر معیاری گوشت کھانے پر مجبور ہوگئے ،علاقہ مکین غیر معیاری گوشت کے استعمال سے مختلف موذی امراض کاشکار ہونے لگے ۔ انتظامیہ کی ملی بھگت سے بااثر قصابوں نے علاقہ میں موجود گندے نالوں پر گوشت کی دکانیں سجا کر جراثیم زدہ گوشت علاقہ مکینوں میں فروخت کرنا شروع کررکھا ہے قصابوں اور مرغی کا گوشت فروخت کرنیوالے د کانداروں نے متعلقہ اداروں کے اہلکاروں سے ملی بھگت کرکے بیمار نیم مردہ لاغر جانوروں کے علاوہ مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت شروع کررکھی ہے دوسری جانب قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران و اہلکار ان قصابوں کو چیک کرنے کی بجائے لکشمی کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے گندے نالوں پر قائم کی گئی دکانوں میں لٹکے ہوئے گوشت پر سار ادن مکھیاں مچھر بھنبھناتے دکھائی دیتے ہیں قصاب پورا دن علاقہ مکینوں کو جراثیم زدہ گوشت فروخت کرکے موذی امراض میں مبتلا کررہے ہیں ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔