وزیرآباد:جلوسوں کے راستوں میں رکاوٹیں ختم کرنیکا حکم
عزادار وں کی سہولت کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے :اسسٹنٹ کمشنر
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )اے سی آفس میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ ، چیف آفیسر الفت شہزاد، ایم ڈی واسا علی حسنین، سیف سٹی انچارج خرم چیمہ، ایس این اے وقار باجوہ، منیجرڈبلیو ایم سی عامر بشیر، عابد باجوہ، انچارج ریسکیو 1122 فیاض احمد، قاضی اختیار علی قریشی، ملک محمد یوسف چاند، احمد یار وڑائچ، ایم ایس ڈاکٹر نعیم اللہ ، خواجہ شعیب، سید عقیدت شاہ، ساجد شاہ، ذیشان الیاس، سید علی عباس، سید نواب حیدر سمیت مختلف محکمہ جات کے نمائندگان ، ممبرز امن کمیٹی، لائسنسدار وں نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے روٹس کو دو روز کے اندر اندر مکمل طور پر کلیئر کیا جائے اور راستوں میں موجود تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔اجلاس میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں اور متعلقہ حکام کو کہا گیا کہ محرم الحرام کے دوران عزادار وں کی سہولت کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہر ممکن صورت میں یقینی بنائی جائے ۔اس موقع پر واضح کیا گیا کہ سکیورٹی، صفائی، سیوریج، سٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامات میں غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔