علی پورچٹھہ:سڑکیں خستہ حال ، نکلے سریے وبال جان
رسولنگر روڈ ،چوک چھبالی، مدینہ چوک، حافظ آباد روڈ پرصورتحال ابتر
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ کی سڑکیں خستہ حالی کا شکار ، مختلف مقامات پر سڑکوں سے نکلے سریے شہریوں کیلئے وبالِ جان بن گئے ۔ رسولنگر روڈ پر گورنمنٹ ہائی سکول بوائز کے سامنے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث بڑا لوہے کا سریا باہر نکل آیا جس سے موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق اس مقام پر کئی موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ متعدد گاڑیوں کے ٹائر سریا لگنے سے پھٹ چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف رسولنگر روڈ ہی نہیں بلکہ چوک چھبالی، ریلوے پھاٹک، مدینہ چوک، حافظ آباد روڈ اور قادر آباد روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر بھی سڑکوں سے سریے نکل آئے ہیں جو روزانہ سینکڑوں مسافروں، طلبہ، ملازمین اور تاجروں کیلئے خطرے کی علامت بنے ہوئے ہیں۔ رات کے اوقات میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے کیونکہ اندھیرے کے باعث ڈرائیوروں کو بروقت خطرناک مقامات کا اندازہ نہیں ہو پاتا۔ اہل علاقہ کے مطابق سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور بروقت مرمت نہ کیے جانے کے باعث مسئلہ دن بدن شدت اختیار کر رہا ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر موجود خطرناک سریے کسی بھی وقت بڑے جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں مگر متعلقہ ادارے صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینے میں ناکام ہیں ۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ہائی ویز ، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کا ہنگامی سروے کر کے تمام خطرناک مقامات کی فوری نشاندہی کرکے مرمت کی جائے ۔