معالج اور مریض کا مضبوط رشتہ صحت یابی کی بنیاد :زاہد علوی
درست تشخیص ، بہترین دوائی کا انتخاب مریض کی صحت کیلئے جدوجہد کو مزید مضبوط بناتا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل اگوکی کے سماجی رہنما زاہد علوی نے ڈاکٹروں کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معالج اور مریض کا مضبوط رشتہ صحت یابی کی بنیاد ہے ۔ڈاکٹرز معاشرے کا انتہائی اہم اور قابلِ احترام طبقہ ہیں جو اپنی شبانہ روز محنت خدمت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں انکی بدولت مریض اور معالج کے درمیان اعتماد ہمدردی اور خلوص پر مبنی مضبوط رشتہ قائم ہو جاتا ہے اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایک مریض اپنے معالج سے اس قدر ذہنی طور پر جڑ جاتا ہے کہ اسکی رہنمائی اور مشاورت کے بغیر اسے مکمل ذہنی سکون میسر نہیں آتا۔ زاہد علوی نے کہا کہ ڈاکٹرز صرف ادویات تجویز کرنے تک محدود نہیں بلکہ انکی مؤثر کونسلنگ بہتر رہنمائی مثبت مشورے ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق تجاویز مریض کی صحت یابی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں درست تشخیص اور بہترین دوائی کا انتخاب مریض کی صحت و تندرستی کیلئے کی جانیوالی جدوجہد کو مزید مضبوط بناتا ہے ۔