بجلی کی بار بار بندش اور ٹرانسفارمرز جلنے سے جینامحال
سخت گرمی میں گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ، گیپکوسمبڑیال ،بھوپالوالہ کے عملہ کو بددعائیں
سمبڑیال(سٹی رپورٹر)بجلی کی بار بار بندش اور ٹرانسفارمرز جلنے سے شہریوں کا سخت گرمی میں جینامحال ہوگیا جبکہ بجلی کی بندش سے کاروباری زندگی بھی شدید متاثر۔تفصیلات کے مطابق بینکنگ، آئی ٹی، کمپوزنگ اور پرنٹنگ سیکٹر کاکاروبار تباہ ہونے لگ۔ فیشن ڈیزائنر اور سلائی کے کاریگر بھی ذہنی تناؤ کا شکارہورہے ہیں ۔ جان لیوا گرمی میں بجلی کی طویل ترین بندش سے شہری بلبلا اٹھے ، گیپکو سمبڑیال اور بھوپالوالہ کے افسروں سمیت عملہ کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں، راتوں کو شہری راتیں جاگ کر گزارنے لگے ، کاروبار زندگی بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔سمبڑیال اور گردونواح میں دن اور رات کے مسلسل کئی کئی گھنٹوں کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اب معمول بن چکی ہے ۔ مختلف محلوں میں ٹرانسفارمرز کے آئے روز خراب ہونے سے بھی بجلی بند ہونے سے سخت گرمی اورحبس سے گھروں میں چھوٹے بچوں کے رونے کی آوازیں ماؤں کیلئے بے چینی پیدا کر رہی ہیں جبکہ مقامی سیاستدانوں اور ان کے حواریوں کی جانب سے درجنوں بجلی کے نئے ٹرانسفارمرز آ چکنے کے دعوے بے بنیاد ثابت ہو رہے ہیں ۔عوامی سماجی حلقوں نے متعلقہ سربراہوں اور افسروں سے بجلی کی متواتر سپلائی کا فوری بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔