شہید ہیڈ کانسٹیبل ذیشان اصغر کی نمازجنازہ ادا‘افسروں کی شرکت
آبائی قبرستان میں سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین‘اہلخانہ کو تعاون کی یقین دہانی
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر،نیوز رپورٹر) پنجا ب ہائی وے پٹرول کے شہید ہیڈ کانسٹیبل ذیشان اصغر کی نمازجنازہ سرکاری اعزاز کیساتھ اشرف مارتھ شہید پولیس لائن گوجرانوالہ میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی پولیس پنجاب کی طرف سے ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد،ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول پنجاب کی طرف سے ڈی ایس پی انیل انور،سٹی پولیس افسر گوجرانوالہ کی طرف سے ایس پی ہیڈ کوارٹر سہیل فاضل ، ریجنل پولیس افسر ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن میاں معظم ،ڈی ایس پی ذوالفقار ورک پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ودیگر پولیس افسروں اور معزز ین علاقہ نے بھاری تعداد شرکت کی ،شہید کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کیساتھ گھر سے پولیس لائن لے جایا گیا اور نماز جنازہ کے بعد شہید کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی ،اہلکاروں نے شہید کو سلامی پیش کی ،سرکاری اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا ۔ اللہ شہید ذیشان اصغر کے درجات بلند کرے ،لواحقین اور بچوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس شہید کے بچوں کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔ ، ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ دوروز قبل ہیڈ کانسٹیبل ذیشان اصغر پسرور روڈ پر تلونڈی موسیٰ میں تیز رفتار بجری سے بھرا ہوا ڈمپر سرکاری وین پر گرنے سے شہید ہو گیا تھا۔