پیشہ ور بھکاری مانگنے کیلئے نت نئے طریقے اختیار کرنے لگے

 پیشہ ور بھکاری مانگنے کیلئے نت نئے طریقے اختیار کرنے لگے

تپتی سڑکوں ،گرد آلود راستوں پر معذور ظاہر کرکے بھیک مانگنے پر کارروائی کامطالبہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے نت نئے طریقے اختیار کرنا شروع کر دیئے ۔ شدید گرمی، تپتی سڑکوں اور گرد آلود راستوں پر بعض افراد خود کو معذور ظاہر کرتے ہوئے رینگ کر بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہر کے بازاروں، چوراہوں، بس سٹینڈز اور گنجان آبادیوں میں بھکاری مختلف انداز اختیار کر کے لوگوں سے امداد طلب کرتے نظر آتے ہیں۔ بعض افراد جسم کے مختلف حصوں پر مصنوعی یا پرانے زخم نمایاں کر کے جبکہ بعض ہاتھوں، بازوؤں اور ٹانگوں پر پٹیاں باندھ کر اپنی معذوری ظاہر کرتے ہیں۔ بعض بھکاری شدید گرمی میں تپتی ہوئی سڑکوں اور کیچڑ میں رینگتے ہوئے بھیک مانگ رہے ہیں۔ شہریوں کاکہناہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ ایسے عناصر حقیقی مستحق افراد کا حق بھی متاثر کرتے ہیں۔ سماجی و عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ سوشل ویلفیئر، بیت المال اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں موجود گداگری کے منظم نیٹ ورک کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے جبکہ حقیقی مستحق، معذور اور بے سہارا افراد کی نشاندہی کر کے انہیں حکومتی فلاحی پروگراموں میں شامل کیا جائے تاکہ انہیں بھیک مانگنے کی بجائے باعزت روزگار اور زندگی گزارنے کے مواقع میسر آ سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں