وزیر آباد: متعد ترقیاتی ببیوٹیفکیشن کے منصوبے کا افتتاح

وزیر آباد: متعد ترقیاتی ببیوٹیفکیشن کے منصوبے کا افتتاح

باب ِوزیرآباد‘ عمر پارک‘ بائی پاس پر گرین بیلٹ‘ اے سی آفس میں میٹنگ روم و دیگر سہولیات کا افتتاح‘مون سون پرانتظامات بروقت مکمل کیے جائیں:کمشنر وزیرآباد سمیت حلقے میں 7 ارب سے زائد کے کام تکمیلی مراحل میں ، تعلیم، صحت، پانی، سیوریج ،صفائی ودیگرسہولیات فراہمی اولین ترجیح:ایم پی اے وقار چیمہ

 گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے وزیرآباد کے دورے کے دوران شہر میں مکمل ہونیوالے متعدد ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، رکن صوبائی اسمبلی وقار چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرجواد حسین پیر زادہ،چیف آفیسر الفت شہزاد سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسروں، منتخب نمائندے اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔کمشنر نے سیالکوٹ روڈ پر تعمیر کیے گئے باب وزیرآباد، جی ٹی روڈ پر عمر پارک، بائی پاس پر قائم گرین بیلٹ، اسسٹنٹ کمشنر آفس میں جدید میٹنگ روم اور دیگر عوامی سہولیات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شہری خوبصورتی، سرسبز ماحول اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صاف، خوبصورت اور بہتر شہری ماحول کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں، بالخصوص ستھرا پنجاب پروگرام، واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مون سون کے پیش نظر نکاسی آب سمیت تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے جبکہ مکمل ہونے والے منصوبوں کی مستقل دیکھ بھال بھی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔

کمشنر نے کہا کہ جہاں ہم رہتے ہیں، اسکی حفاظت اور خوبصورتی برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ اچھے کام انسان کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یادگار بناتے ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی وقار چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہی ہے اور وزیرآباد سمیت حلقے میں 7 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ تعلیم، صحت، صاف پانی، سیوریج، صفائی، سرسبز ماحول اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے نا صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی ایک قیمتی سرمایہ اور شجرِ سایہ دار کی حیثیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر مقامی مخیر شخصیات کے تعاون کو بھی سراہا گیا جنکی معاونت سے متعدد عوامی فلاحی اور خوبصورتی کے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچے ۔ کمشنر اور ایم پی اے نے ان مخیر افراد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور معاشرے کے باہمی تعاون سے ہی عوامی خدمت کا سفر مزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں