سرکاری ہسپتالوں میں سانپ اور دیگر جانوروں کے کاٹنے کی ویکسین سو فیصد فراہم کرنیکی ہدایت
گوجرانوالہ ڈویژن میں موسمی تبدیلی پر سانپ ودیگر زہریلے جانوروں کے کاٹنے کے واقعات پرسرکاری ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری ، محکمہ صحت کو ایمرجنسی نافذکرکے ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کاحکم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں سانپ اور دیگر جانوروں کے کاٹنے کی ویکسین کی سو فیصد فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے کئی علاقوں میں موسمی تبدیلی کے باعث سانپ اور دیگر زہریلے جانوروں کے کاٹنے کے واقعات پرسرکاری ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیاجبکہ حکام کاکہناہے غفلت کے مرتکب ہسپتال کے ایم ایس اور دیگر افسروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئیٰ ہیں کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگا کر ویکسین اور ادویات فراہم کی جائیں تاکہ سیلاب اورموسم برسات کے باعث دیہاتی علاقوں میں سانپ اور زہریلے جانوروں کے کاٹنے پرمتاثرہ افراد کی فوری ویکسی نیشن کی جاسکے ۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں موسمی تبدیلی پرسانپ اور دیگر زہریلے جانوروں کے کاٹنے کے واقعات پر تمام سرکاری ہسپتالوں میں سانپ ،کتے اور دیگر زہریلے جانوروں کے کاٹنے کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ صحت حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکرکے زہریلے جانوروں کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔