ایم پی اے عدنان چٹھہ کا منصوبوں،ووکیشنل کالج کا اعلان
لیگی رہنما انصر جاوید تارڑ کی جانب سے علی پورچٹھہ میں تاجروں کے اعزاز میں ظہرانہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)ایم پی اے عدنان افضل چٹھہ نے ترقیاتی منصوبوں اور ووکیشنل کالج کا اعلان کردیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے رہنما انصر جاوید تارڑ کی جانب سے مرکزی انجمن تاجران کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں عدنان افضل چٹھہ مہمان خصوصی تھے ۔ تاجروں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ نبی رحمت ؐکی ولادت کا دن مسلمانوں کے لیے خوشی اور خیر و برکت کا دن ہے ۔اس موقع پر مسلمان بھائیوں کے لیے کھانے کا اہتمام کرنا بھی نیکی اور محبت کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا علی پورچٹھہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں رابطہ سڑکوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ، ساگر تا ہیڈ چھناواں سڑک گیم چینجر منصوبہ سے علی پورچٹھہ مستقبل میں معاشی حب بن سکتا ہے ۔ علی پورچٹھہ پنجاب کی نسبتاً چھوٹی میونسپل کمیٹی ہے تاہم مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیوریج سسٹم کو طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ علی پورچٹھہ میں چار ایکڑ رقبے پر پنجاب ووکیشنل ٹیکنیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے جس کا ٹینڈر آئندہ ہفتے کے دوران مرحلے میں داخل ہونے کی توقع ہے ۔ ادارے میں سالانہ تقریباً ایک ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی جائیگی ۔بائی پاس اور رسولنگر سمیت مختلف علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔1947ء سے 2026ء تک کے ریکارڈ کے مطابق تقریباً 34 ایکڑ سرکاری اراضی عوامی مقاصد کے لیے مختص ہوئی ہے ۔تقریب میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر ذوالفقار بھٹو، جنرل سیکرٹری غلام مرتضیٰ علوی سمیت دیگر عہدیداران اور تاجروں نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments