نبی کریم ؐ کی آمدسے ہر سو اُجالا ہوگیا:پیر اجمل رضا قادری

نبی کریم ؐ کی آمدسے ہر سو اُجالا ہوگیا:پیر اجمل رضا قادری

اﷲاور رسولؐ کا ذکر و چرچا ہمیشہ جاری رکھیں اسی میں ہماری کامیابی ہے :خطاب

 راہوالی(نمائندہ دنیا )نبی کریم ؐ حسن کائنات اور وجہہ کائنات ہیں، اس کائنات میں آپ ؐ کا وجود ہی مقدم ہے نبی مکرم ؐ کی ذات اﷲکے ہاں سب سے زیادہ محبوب ہے ، اﷲ کے محبوب کا اعلیٰ ترین مقام ہے آپ ؐ کی آمد سے ہر سو اُجالا ہوگیا اور کائنات کا ذرہ ذرہ چمک اُٹھااور انسانیت کو عروج ملا۔آج ہماری عزت شان وقار سب کچھ نبی پاک ؐ کے دم سے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار علامہ پیر اجمل رضا قادری نے مرکز اصلاح معاشرہ میں جشن عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کرتے کیا ۔انہوں نے کہا ذکر حبیب ؐہی ہمارا سب بڑا سرمایہ عقیدہ و ایمان ہے جو تمام سرمایوں سے اعلیٰ ہے ، اﷲاور اسکے رسولؐ کا ذکر و چرچا ہمیشہ جاری رکھیں اسی میں ہماری کامیابی اور آخرت سنوارنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔اﷲنے آپ ؐ کو اس دنیا میں نور بنا کر بھیجا ،نبی پاک ؐ کی بشریت سے انکار نہیں کیا جاسکتا مگر وہ ہم جیسے نہیں جو بیٹھا ہے فرش پر مگر عرش نشین ہے جسکا زمین پر بیٹھ کر جنت تک ہاتھ پہنچ جاتا ہے اس سے بہتر کوئی افضل بشر نہیں، قرآن نے بشر و نور سے پکارا ہے ،اللہ نے نبی پاک ؐ کو بے شمار صفات و کمالات فضائل اوصاف سے نوازا ہے کہ صرف اﷲ کی ذات ہی مقام ِمصطفٰیؐ کوبہتر جانتی ہے اس معیار کو سمجھنے میں دنیاوی عقل ہمیشہ دنگ رہی ہے ۔ نبی کریم ؐ کی حقیقت کو کوئی نہیں سمجھ سکا، وہ سب سے بالا تر ہیں۔اللہ تعالی ٰ نے سب انبیا کو فضائل و رتبے سے نوازا مگر نبی کریم ؐ کو خود زیارت کروائی جو سب سے بڑا رتبہ ہے اور اپنے محبوب کی محبت کے اظہار کیلئے آپ ؐ کومبعوث کر کے دنیا کے تمام مسلمانوں پر احسان عظیم کردیاجو فضل ربی ہے جس کا ہرحال میں ہمیں شکر ادا کرنا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...