علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال : چلڈرن وارڈ میں گنجائش سے زائد مریض
40بیڈز پر 100 سے زائد بچے زیر علاج ،ایک ساتھ 3سے 4مریض موجود ،بیمار بچوں کو داخل کرنا پڑتا ہے :ایم ایس
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں گنجائش سے زائد بچوں کو رکھنے کی اطلاعات نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی اور حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق صرف 40 بیڈز پر 100 سے زائد بچے زیرِ علاج ہیں جبکہ بعض بیڈز پر تین سے چار بچوں کو ایک ساتھ رکھا جارہا ہے جو نہ صرف طبی سہولیات کی شدید کمی کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ بچوں کی صحت اور سلامتی کیلئے بھی خطرہ ہے ۔ذرائع کے مطابق وارڈ میں ایک ہی بیڈ پر متعدد بچوں کو رکھنے سے انفیکشن کے پھیلاؤ کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں جبکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے بھی اتنے زیادہ مریضوں کو مؤثر انداز میں سنبھالنا بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔مزید تشویشناک امر یہ ہے کہ ذرائع نے چلڈرن وارڈ میں اینٹی فائر سسٹم، ایمرجنسی الارم اور سپرنکل سسٹم سمیت بعض بنیادی حفاظتی سہولیات کی عدم دستیابی یا ناکافی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
والدین اور شہریوں نے سوال اٹھایا کہ 40 بیڈز کی گنجائش والے وارڈ میں 100 سے زائد بچوں کو رکھنے کے باوجود اضافی انتظامات کیوں نہیں کئے جا رہے ۔ایم ایس علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبد الرحمن بٹ نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ بچوں کا وارڈ 40 بیڈز پر مشتمل ہے ،آنیوالے بیمار بچوں کو داخل کرنا ضروری ہو تا ہے ،اس لئے بعض اوقات 100 سے زائد بچے نرسری میں داخل ہوتے ہیں ۔شہریوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، وارڈ کی گنجائش بڑھائی جائے ، اضافی بیڈز اور طبی عملہ فراہم کیا جائے اور فائر سیفٹی سمیت تمام حفاظتی نظام کو فوری طور پر فعال اور مؤثر بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments