پنڈی بھٹیاں : کوٹ نکہ تاٹھٹھہ خیرومٹمل رابطہ سڑک تباہ ، شہری سراپا احتجاج
بیشترحصے پر جگہ جگہ گڑھوں کے با عث سفر انتہائی دشوار ،حادثات اور گاڑیوں کا خراب ہونا معمول ،رات کے وقت ڈکیتی کی وار داتوں سے شہری خوف وہراس میں مبتلا ،متاثرین کا فوری مرمت کا مطالبہ
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)کوٹ نکہ سے ٹھٹھہ خیرومٹمل تک تقریباً 3 کلومیٹر اہم رابطہ سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ سڑک کا بیشتر حصہ اس قدر خستہ حال ہے کہ گزرنا انتہائی دشوار بن گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق یہ سڑک درجنوں دیہات کو لا ہور روڈ اور شہر سے ملاتی ہوئی سانگلہ ہل کو بھی اس علاقہ سے ملاتی ہے مگر طویل عرصے سے مناسب دیکھ بھال اور مرمت نہ ہونے کے باعث سڑک تباہ حالی کی تصویر بن چکی ہے ۔ موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گڑھوں کے باعث حادثات اور گاڑیوں کے خراب ہونے کے واقعات بھی معمول بن گئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں سڑک کی خستہ حالی اور سنسان راستے کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں جبکہ رات کے وقت ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمار ا کوئی پرسانِ حال نہیں۔اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ،کمشنر ، ڈپٹی کمشنر حافظ آباداور دیگر حکام سے فوری نوٹس لیکر سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments