رکاوٹیں ہمارے عزم کو نہیں روک سکتیں :ناصر محمود کلیر
کارکن پوری تیاری، جوش کے ساتھ لانگ مارچ میں شرکت کریں گے
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )امیر جماعت اسلامی ضلع وزیرآباد چودھری ناصر محمود کلیر نے کہا ہے کہ مرکزی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد کے لیے شروع ہونے والے سپر لانگ مارچ کے قافلے کا وزیرآباد میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔ وزیرآباد سے جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد قافلے کا حصہ بن کر اسلام آباد روانہ ہوگی۔ کارکنان پوری تیاری، جوش اور عزم کے ساتھ لانگ مارچ میں شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ عوام کو ناجائز پٹرولیم لیوی، بھاری بھرکم بجلی کے بلوں اور ظالمانہ ٹیکسوں سے نجات دلانے کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات سے شدید متاثر ہیں، جبکہ بجلی کے بھاری بلوں اور مختلف ٹیکسوں نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ۔ ناصر محمود کلیر نے کہا کہ کنٹینرز، رکاوٹیں اور انتظامی حربے ہمارے عزم کو نہیں روک سکتے ، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کیلئے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی مسائل کے حل تک اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا یہ قافلہ ملک کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments