بیٹی کی پیدائش کا امکان ،حاملہ بیوی پر تشدد ،ملز م کا ریمانڈ
عدالت نے ملزم طیب سے قینچی کی برآمدگی کیلئے دو روزہ جسمانی دیدیا
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر )دوسری بیٹی کی پیدائش کے امکان کا رنج ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے پانچ ماہ کی حاملہ بیوی پر تشدد کے مقدمہ میں گرفتار شوہر ملزم سے قینچی کی برآمدگی کیلئے دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ صدر گوجرانوالہ پولیس نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں حاملہ بیوی پر تشدد اور قینچی کے وار کر کے اسے شدید زخمی کرنے کے مقدمہ میں گرفتار شوہر ملزم طیب منان کو ہتھکڑی لگا کر جوڈیشل مجسٹریٹ سہیل افضل کی عدالت میں پیش کیا اور ملزم سے قینچی کی برآمدگی اور تفتیش کیلئے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کی درخواست دی۔ عدالت میں فریقین کی جانب سے بڑی تعداد میں وکلا پیش ہوئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے فریقین کے وکلا کے دلائل کی سماعت کے بعد ملزم طیب منان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی امجد جاوید کی بیٹی (ع) کی شادی تقریباً ڈیڑھ سال قبل واپڈا ٹاؤن کے رہائشی بزنس مین عبدالمنان کے بیٹے طیب منان سے ہوئی تھی۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے جبکہ خاتون دوبارہ تقریباً پانچ ماہ کی حاملہ ہے ۔ طیب منان نے بیوی کا الٹراساؤنڈ کر ایا جس سے مبینہ طور پر اسے معلوم ہوا کہ اس مرتبہ بھی بیٹی کی پیدائش متوقع ہے ۔ اس پر وہ طیش میں آگیا اور بیوی پر تشدد کیا اور حمل ضائع کرنے کی کوشش کی تشدد سے خاتون شدید زخمی ہو گئی تھی ۔پولیس نے متاثرہ خاتون کے والد امجد جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments