گیپکو چیف کی کھلی کچہری میں مسلسل عدم شرکت ،صارفین مایوس
جونیئر آفیسر کا مسائل سننا ایس او پیز کی خلاف ورزی ، شکایات کا ازالہ نہ ہونے کا شکوہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکوکے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی کھلی کچہری میں مسلسل عدم شرکت،صارفین کی آن لائن کھلی کچہری میں دلچسپی ختم ہونے لگی۔ ماہانہ کھلی کچہری کا شیڈول صرف سوشل میڈیا پرایک پوسٹ کے ذریعے جاری کیا جاتا ہے لیکن آن لائن کھلی کچہری میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے بجائے جونیئر افسر صارفین کے مسائل سنتے لیکن مسائل کا حل نہیں ہوتا ۔ذرائع کے مطابق گیپکوحکام کی جانب سے سوشل میڈیا پرکی جانے والی تشہیر میں واضح دعویٰ کیا جاتا ہے کہ گیپکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب خود آن لائن کچہری کے ذریعے صارفین کے مسائل سنیں گے تاہم کچہری کے روز چیف ایگزیکٹو خود بیٹھنے کے بجائے دوسرے افسر وں کو بٹھا دیتے ہیں۔
وزارتِ توانائی کے صوابدیدی حکام، نیپرا کے صارفین کے حقوق سے متعلق قوانین اور ضابطوں کے مطابق کھلی کچہری کے انعقاد سے قبل باقاعدہ اخبارات اور بینرز کے ذریعے بھرپور تشہیر لازمی قرار دی گئی ہے ۔ دوسری جانب گیپکو کی پریس ریلیز میں بالکل برعکس موقف اپنایا گیا ہے کہ وزارتِ توانائی کی ہدایت کی روشنی میں گیپکو ہیڈکوارٹرز میں آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ پریس ریلیز کے مطابق چیف ایچ ایس ای آفیسر چودھری اکبر علی نے فیس بک پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین سے براہِ راست رابطہ کیا، مسائل سنے اور متعلقہ افسر وں کو فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں۔ صارفین اور سماجی تنظیموں نے نیپرا قوانین کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments