ملزموں کو زائد وقت تحویل میں رکھنے پر 2تھانیداروں پر مقدمہ
تفتیشی افسر وں نے واضح عدالتی حکم کے باوجود ملزموں کو 24گھنٹے بعد جیل بھیجا تھا
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر )جوڈیشل ریمانڈ کے باوجود ملزموں کو ایک روز پولیس تحویل میں رکھنے کے معاملہ کا عدالت نے نوٹس لے لیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب حسین چودھری نے تھانہ اروپ کے 2 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے خلاف سی پی او کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ تفتیشی افسر وں نے واضح عدالتی حکم کے باوجود ملزمان کو 24 گھنٹے بعد جیل بھیجا تھا ۔ تھانہ اروپ کے دو مقدمات میں گرفتار ملزموں رضا عباس عرف علی رضا اور کاشف کو جرم قابل ضمانت ہونے کے باوجود ضمانتی مچلکے پیش نہ کرنے کی وجہ سے جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب حسین نے 2 ستمبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا۔
تاہم عدالتی حکم کے باوجود دونوں ملزمان اسی روز جیل نہیں پہنچے اور انہیں اگلے روز 3 ستمبر کوملزمان کو جیل منتقل کیا گیا۔صورتحال کا علم ہونے پر عدالت نے تفتیشی افسروں اے ایس آئی اکبر علی اور اے ایس آئی محمد علی کو طلب کیا اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر وں نے عدالت کے روبرو اعتراف کیا کہ دونوں کو عدالتی حکم کے برعکس مزید ایک روز پولیس تحویل میں رکھا گیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم میں کہا کہ عدالتی احکامات کے بعد ملزمان کو غیر قانونی طور پر پولیس تحویل میں رکھنا حبسِ بے جا کے زمرے میں آتا ہے۔ اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments