عدالت میں جعل سازی سے ملزم کو رہا کرانے کی کوشش

عدالت میں جعل سازی سے ملزم کو رہا کرانے کی کوشش

زخمی گواہ کی جگہ جعلی شخص بیان کیلئے پیش ، بائیو میٹرک تصدیق پر بھانڈا پھوٹ گیا

گوجرانوالہ ( سٹاف رپورٹر )اقدام قتل کے مقدمہ میں جیل میں بند خطرناک ملزم کی رہائی کی کوشش عدالت نے ناکام بنا دی ، زخمی گواہ کی جگہ جعلی شخص کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بیان ریکارڈ کر انے کیلئے پیش کیا گیا ، بائیو میٹرک تصدیق پر بھانڈا پھوٹ گیا۔ عدالت کے حکم پر جعلی گواہ مدعی اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں درج اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے مقدمہ میں سنٹرل جیل میں بند ملزم زمان اللہ عرف کاکا مہر کی رہائی کیلئے اصلی زخمی گواہ کی جگہ جعلی شخص کو عدالت میں پیش کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ کریمینل ماڈل ٹرائل کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد مشتاق کی عدالت میں اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ مقدمہ کے مدعی اسامہ مبین کی جانب سے زخمی گواہ اظہر کو صلح کا بیان ریکارڈ کر انے کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے پیش ہونے والے سے شناختی کارڈ طلب کیا لیکن وہ پیش نہ کرسکاتاہم مذکورہ شخص نے نادرا بائیومیٹرک ویریفکیشن کی رسید پیش کی جو اظہر کے نام سے تھی،شبہ ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے ای کورٹ کے ذریعے بائیومیٹرک ویریفکیشن رسید کی تصدیق کرانے کا حکم دیا،بائیومیٹرک تصدیق کی رسید جعلی نکلی ۔ عدالت میں موجود اظہر کے طور پر پیش ہونے والا شخص بھانڈا پھوٹنے پر عدالت میں گر پڑا جسے جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر نائب کورٹ نے تحویل میں لے لیا۔ سول لائن پولیس نے عدالت کے ریڈر عبدالجبار کی مدعیت میں مدعی مقدمہ اسامہ مبین، ملزم زمان اللہ عرف کاکا مہر اور جعلی گواہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...