پنڈی بھٹیاں:صفائی کمپنی غائب ،گلی محلوں میں کوڑا جمع
ستھرا پنجاب کی ٹھیکیدار کمپنی خزانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی چونا لگا گئی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )ضلع حافظ آباد میں ستھرا پنجاب منصوبہ کی ٹھیکیدار کمپنی قومی خزانہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی چونا لگا کر غائب ہوگئی ، صفائی کر نے والی کمپنی ڈائیوو گزشتہ دوسال سے ہر ماہ صفائی کے نام پر قومی خزانہ سے لاکھوں روپے نکلواتی ر ہیں جبکہ ضلع بھر میں صفائی نام کی کوئی چیز نظر نہ آئی اور اس سلسلہ میں شہری انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی توجہ صفائی جیسی بنیادی سہولت کی طرف دلاتے ر ہے لیکن وزیر اعلیٰ کا ستھرا پنجاب کا خواب یہاں زندہ تعبیر نہ ہو سکا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صفائی والی کمپنی قومی خزانہ کو لوٹ کر غائب ہو چکی ، ورکرز کی تنخواہوں اور ٹرانسپورٹرز کے کرایوں کی مد میں بھی کروڑوں روپے خورد برد کر گئی جس سے ورکرز کو دو ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں جس سے ضلع بھر میں صفائی کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے ،گلیاں اور بازار کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہے ہیں جس سے شہری پریشان ہیں ۔ ذرائع کے مطابق صفائی کا نظام اب ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں فعال ہو چکا ہے لیکن تحصیل پنڈی بھٹیاں کے شہروں اور دیہات میں صفائی کی صورتحال جوں کی توں ہے ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر پڑے ہیں ، نالیوں اور نالوں کا پانی گلیوں بازاروں اور سڑکوں پر بہہ رہا ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرنوالہ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سے صفائی کی صورتحال پر فوری توجہ کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments