پاکستان، تاجکستان میں ترجیحی تجارتی معاہدے کا جلدا مکان : سعید سرور
معاہدہ دوطرفہ تجارت کی راہ ہموار کرے گا ، تجارتی حجم 30کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتا تاجکستان کو 1 لاکھ 43 ہزار ٹن حلال گوشت برآمد کرنے کامنصوبہ ہے :پاکستانی سفیر
اسلام آباد (وقائع نگار) تاجکستان میں پاکستان کے سفیر سعید سرور نے کہا ہے کہ پاک-تاجکستان ترجیحی تجارتی معاہدہ دوطرفہ تجارت کی راہ ہموار کر سکتا ہے ،پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) کا جلد امکان ہے ، جو تجارتی لبرلائزیشن کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور علاقائی معاشی انضمام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ،سفارت خانۂ پاکستان، دوشنبے میں آٹھ رکنی پاکستانی میڈیا وفد اور مقامی تاجک کاروباری شخصیات کے ساتھ مشترکہ تعارفی اور تبادلۂ خیال کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 300 ملین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اس ہدف کے حصول میں پاکستان اور تاجکستان کی کاروباری برادری کلیدی کردار ادا کرے گی، جو ممکنہ شعبوں کو آپس میں جوڑ کر عملی تعاون کو فروغ دے سکتی ہے ۔سفیر محمد سعید سرور نے حلال گوشت کے شعبے میں وسیع مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان کو 1 لاکھ 43 ہزار ٹن حلال گوشت، جس کی مالیت 14.5 ملین ڈالر ہے ، برآمد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے حلال مصنوعات کی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔