چیئرمین سی ڈی اے کا شاہین چوک انڈر پاس کا دورہ، کام کا جائزہ لیا
منصوبے کا 95فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل،فنشنگ کا کام تیزی جاری ہے، بریفنگ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے رات گئے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ چیئرمین کو متعلقہ افسران نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انڈر پاس منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کیساتھ مقررہ مدت سے قبل اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور مجموعی طور پر شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا 95فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ سٹرکچرل ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس منصوبہ کی فنشنگ کا کام تیزی جاری ہے۔ چیئرمین نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی برق رفتار تکمیل کے ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے افتتاح سے قبل منصوبے کی بیوٹیفکیشن سے متعلق تمام کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔