ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی برداشت نہیں ،ڈی سی مری
مجسٹریٹ کا جاری تقریب کے دوران شادی ہال کا معائنہ ، آ ئندہ محتاط رہنے کی وارننگ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مری کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر کے معروف ہوٹلوں میں ون ڈش پالیسی پر عملدرآمد کو مزید سخت کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف شادی ہالز اور ہوٹلز کی کڑی نگرانی کی جاری ہے۔ اس سلسلے میں مجسٹریٹ عثمان اسلم نے شہر کے ایک مقامی معروف ہوٹل کے شادی ہال کا اچانک معائنہ کیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ معائنہ کے دوران ون ڈش پالیسی پر عملدرآمد کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور ہوٹل انتظامیہ کو وارننگ جا ری کی گئی کہ حکومتی قوانین کی مکمل پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔مجسٹریٹ عثمان اسلم نے ہوٹل انتظامیہ کو واضح الفاظ میں آگاہ کیا کہ ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر مستقبل میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سامنے آئی تو قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی ہو گی ۔ضلعی انتظامیہ مری کے مطابق ون ڈش پالیسی کا بنیادی مقصد شادی بیاہ کی تقریبات میں فضول خرچی کی حوصلہ شکنی کرنا ، سادگی کے رجحان کو فروغ دینا اور عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانا ہے۔