شدید ذہنی و جسمانی تھکن ڈاکٹرز کی کم عمری میں موت کا سبب
جو نظام معالجین کو ٹوٹنے پر مجبور کر دے مریضوں کو شفا نہیں دے سکتا،ماہرین
اسلام آباد (نامہ نگار) ماہرین صحت نے شدید ذہنی و جسمانی تھکن، غیر صحت مند طرزِ زندگی کو پاکستانی ڈاکٹروں کی کم عمری میں موت کا بڑا سبب قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر اس صورتحال کو فوری طور پر سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو ملک کا صحت کا نظام اپنے بنیادی ستون یعنی معالجین کو کھو دے گا۔ ماہرین نے ان خیالات کا اظہار علمی فورم لائف اِن اے میٹرو میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر ریحان عمر صدیقی نے کہاکہ برداشت اور ہر حال میں مضبوط دکھائی دینے کا رویہ ڈاکٹروں کو بروقت علاج اور آرام سے دور رکھتا ہے۔ ماہرِ نفسیات ڈاکٹر کلثوم حیدر نے کہاکہ ذہنی دباؤ اور دبے ہوئے جذبات جسمانی بیماریوں، حتیٰ کہ دل کے امراض تک کو جنم دے سکتے ہیں۔ خواجہ احدالدین نے کہا ڈاکٹروں میں شدید ذہنی و جسمانی تھکن، ذہنی مسائل کو حل نہ کیا گیا تو صحت کا پورا نظام عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے کیونکہ جو نظام اپنے معالجین کو ٹوٹنے پر مجبور کر دے وہ مریضوں کو شفا نہیں دے سکتا۔