الیکٹرک بسوں کے 21روٹس مکمل فنکشنل کر دئیے ،سی ڈی اے
31دسمبر کو 1لاکھ 2ہزار شہریوں نے سہولت سے استفادہ کیا،چیئر مین کو بریفنگ
اسلام آباد ( اپنے رپورٹرسے )چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکٹرک بس ڈپو اور چارجنگ سٹیشنز کی تعمیر سے متعلق امور زیر بحث آئے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیر تعمیر الیکٹرک بس ڈپو دو سائٹس پر مشتمل ہے جن پر مجموعی طور پر تقریباً 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ، الیکٹرک بسوں کے تمام 21 روٹس کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا گیا ہے ۔ 31 دسمبر 2025کو 1,02,000شہریوں نے اس سہولت سے استفادہ کیا۔اجلاس میں مارگلہ ایونیو کو موٹروے ایم ون سے منسلک کرنے کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، اسی طرح کنونشن، ایکسپو اینڈ ایگزیبیشن سینٹر کی تعمیر اور اسلام آباد میں لگژری ہوٹل کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، تمام ترقیاتی منصوبوں کے ڈیزائن کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے ۔