پاکستان، افغانستان قتل وغارت کے بجائے تحمل دکھائیں، تنظیم اسلامی
اسرائیل، امریکہ، بھارت تلخیاں بڑھانے کے منصوبے پر عمل پیرا، شجاع الدینامریکہ افغانستان میں شکست بھلا نہیں پایا، تعلقات بہتری میں رکاوٹ ہے ، بیان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان اور افغانستان اشتعال انگیزی، نفرتوں کو بڑھانے اور قتل و غارت گری کے بجائے صبروتحمل کا مظاہرہ کریں۔ اسرائیل، امریکہ اور بھارت اپنی عالمی گریٹ گیم میں پاکستان اور افغانستان کے مابین تلخیاں بڑھانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ اِن خیالات کا اظہارتنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نہ صرف برادر ملک ہیں بلکہ ہمسایہ بھی ہیں گویا اسلام کے نقطہ نظر سے وہ اخوت اور احترام کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ ابھی تک افغانستان میں اپنی شکست کو بھلا نہیں پایا۔ پھر یہ ہے کہ مشرقِ وسطی میں گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے امریکہ اور بھارت دونوں اسرائیل کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔ امریکہ ایران پر حملے کی تیاری مکمل کر چکا۔ باطل قوتیں یہ بھی جانتی ہیں کہ احادیثِ مبارکہ میں مستقبل کا جو منظرنامہ بیان کیا گیا ہے اس میں ان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ خراسان کا خطہ ہوگا جس میں پاکستان کا کچھ حصہ اور افغانستان بھی شامل ہیں۔ لہذا وہ کسی قیمت پر پاک افغان تعلقات کو بہتر ہونے نہیں دے رہے ۔ امریکہ افغانستان کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے ٹی ٹی پی اور دیگر طاغوتی قوتوں کے ایجنٹوں سے پاکستان میں دہشت گردی کا ارتکاب کرواتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ دہشت گردی یقیناً ناقابل برداشت ہے لیکن حکومتِ پاکستان کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ افغان حکومت کی پورے افغانستان پر رِٹ قائم نہیں۔