پولیس ٹیم پر فائرنگ کرنیوالے 2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
فائرنگ کا واقعہ ترنول کے علاقہ میں ہوا، تیسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) تھانہ ترنول کی حدود میں ڈکیت گینگ کی جانب سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس کے دوران زخمی ملزم سمیت 2افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان اسلام آبادپولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیم معمول کی چیکنگ میں مصروف تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ٹیم حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت محفوظ ر ہی اور ملزمان کا تعاقب جاری رکھا۔
فائرنگ کے دوران ملزمان کی اپنی ہی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی ملزم سلطان خان زخمی ہو گیا جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ بعدازاں سرچ آپریشن کے دوران فرار ہونے والے ایک اور ملزم اسد خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ ڈاکوؤں کا تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔